Tuesday, January 4, 2011

اے رب جہاں پنجتن پاک کا صدقہ

اے رب جہاں پنجتن پاک کا صدقہ
اس قوم کے دامن کو غم شبیر سے بھر دے

بچوں کو عطا کر علی اصغر کا تبسم
پھر بوڑھوں کو حبیب ابنِ مظاہر کی نظر دے

کم سن کو ملے ولولۂ عون و محمد
ہر ایک جواں کو علی اکبر کا جگر دے

ماؤں کو سکھا حضرتِ زینب کا سلیقہ
بہنوں کو سکینہ کی دعاؤں کا اثر دے

مولا تجھے زینب کی اسیری کی قسم ہے
بے جرم اسیروں کو رہائی کی خبر دے

جو چادر زینب کی عزادار ہیں مولا
محفوظ رہیں ایسی خواتین کے پردے

جو دین کے کام آئیں وہ اولاد عطا کر
جو حضرت شبیر کی خاطر ہو وہ گھر دے

مفلس پہ روز لال و جواہر کی ہو بارش
مقروض کا ہر قرض ادا غیب سے کردے

غم کوئی نہ دے ہم کو سوائے غم شبیر
شبیر کا غم بانٹ رہا ہے تو اِدھر دے






No comments:

Post a Comment